افغان طالبان نے افغانستان کے دوسرے بڑے شہر قندھار کا بھی مکمل کنٹرول حاصل کر لیا
- August 13, 2021, 10:39 am
- World News
- 177 Views
افغان طالبان نے افغانستان کے دوسرے بڑے شہر قندھار کا بھی مکمل کنٹرول حاصل کر لیا، افغان دارالحکومت کابل طالبان کی پہنچ سے صرف 80 میل دور رہ گیا، امریکا نے سفارتی عملے کو نکالنے کیلئے فوج افغانستان بھیجنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق افغان طالبان ہر گزرتے دن کیساتھ افغانستان کے دارالحکومت کابل سے قریب سے قریب تر ہوتے جا رہے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق افغان طالبان نے افغانستان کے دارالحکومت کابل کے بعد ملک کے 2 سب سے بڑے شہروں قندھار اور ہرات پر بھی قبضہ کرلیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان طالبان نے قندھار پر قبضے کے بعد قندھار جیل سے سینکڑوں قیدیوں کو رہا بھی کر دیا۔ موصول ہونے والی تازہ ترین اطلاعات کے مطابق افغان طالبان دارالحکومت کابل سے محض 80 میل دور رہ گئے ہیں۔
جبکہ افغان طالبان پہلی مرتبہ افغان فوج کے کسی کور ہیڈکوارٹر پر بھی قبضہ کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ افغان طالبان نے اہم صوبائی دارالحکومتوں پر قبضے کے بعد فوج کے کور ہیڈ کوارٹر سمیت مزید 2 ائیرپورٹس پر بھی قبضہ کرلیا۔افغان میڈیا کے مطابق طالبان فاراہ، بدخشاں اور صوبہ بغلان کے بعد اب قندوز ائیرپورٹ پر قابض ہوگئے ہیں جب کہ طالبان نے افغان نیشنل آرمی کے 217 پامر کور ہیڈکوارٹر کا بھی کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق طالبان پہلی مرتبہ کسی فوجی کور ہیڈکوارٹر پر قابض ہوئے ہیں۔ افغان میڈیا کے مطابق قندوز ائیرپورٹ اور کور ہیڈکوارٹرز پر حملے کی کچھ ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہیں جس میں افغان فوجیوں کو طالبان کے سامنے ہتھیار ڈالتے دیکھا گیا ہے۔ طالبان نے جوزان شہر کے شبرغان ائیرپورٹ کا کنٹرول بھی حاصل کرلیا ۔ اس تمام صورتحال میں امریکا کی جانب سے بھی ہنگامی فیصلہ کیا گیا ہے۔
امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امریکا نے کابل سے اپنا تمام سفارتی عملہ ہنگامی طور پر واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کیلئے اگلے 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران 2 سے 4 ہزار امریکی کابل بھیجے جائیں گے، جو امریکی سفارتی عملے اور امریکی شہریوں کا افغانستان سے انخلاء یقینی بنائیں گے۔