پاکستا افغان مہاجرین کا مزید بوجھ برداشت نہیں کرسکتا، معید یوسف
- August 13, 2021, 10:43 am
- National News
- 204 Views
اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف نے کہا ہے کہ پاکستان افغان مہاجرین کا مزید بوجھ برداشت نہیں کرسکتا، افغان عوام طالبان کا استقبال کررہے ہیں تو اس میں پاکستان کا کوئی قصور نہیں ہے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے معید یوسف نے کہا کہ ’کوئی یہ نہ سمجھے پاکستان کسی چیز کیلئےبےتاب ہے، ہم اپنے قومی مفادمیں بات کر رہے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ افغان سفیرکی بیٹی اغوا ہوئی اور نہ ہی کوئی تشدد کیا گیا، افغان حکام جھوٹی رپورٹ پر معافی مانگیں۔
معید یوسف کا کہنا تھا کہ افغان فوج طالبان سے لڑنے کے بجائے راہ فرار اختیار کررہی ہے، افغان حکام صرف پاکستان پر الزام تراشیوں میں مصروف ہیں، ساری توانائیاں صرف پاکستان کے خلاف سوشل میڈیا پر چلائے جانے والے جعلی ٹرینڈزپرلگائی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افغان عوام طالبان کا استقبال کررہے ہیں تواس میں ہمارا کیا قصور ہے، ہم توشروع سے مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں، افغان طالبان اور میز پر بیٹھ کر بات چیت سے مسائل حل کریں اور پاکستانیوں پر الزام تراشی چھوڑ دیں‘۔
مشیر برائے قومی سلامتی نے کہا کہ افغان مہاجرین کا بوجھ مزید برداشت نہیں کرسکتے، عالمی برداری کو اس معاملے میں کردار ادا کرنا چاہیے، افغان جنگ کا پاکستان سے بڑا متاثر کوئی بھی ملک نہیں ہے۔