سیکیورٹی کمپنی کے وین ڈرائیور کی جانب سے 20 کروڑ روپے لیکر فرار ہونے کا واقعہ، تہلکہ خیز انکشافات

  • August 17, 2021, 10:50 am
  • World News
  • 219 Views

کراچی میں سیکیورٹی کمپنی کے وین ڈرائیور کی جانب سے 20 کروڑ روپے لیکر فرار ہونے کا واقعہ، ملزم ڈرائیور کے پولیس تصدیقی سرٹیفکیٹ پر تھانیدار نے ایس ایچ اوکے جعلی دستخط کیے، واقعے سے متعلق تہلکہ خیز انکشافات سامنے آگئے- تفصیلات کےمطابق کراچی کے علاقے میٹھادر میں کیش وین سے 20 کروڑ 50 لاکھ کی چوری سے متعلق مزید انکشافات سامنے آگئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق کراچی کے علاقے میٹھادر میں کیش وین سے 20 کروڑ 50 لاکھ روپے چوری کے واقعے میں ملوث ملزم ڈرائیور کے پولیس تصدیقی سرٹیفکیٹ پر تھانیدار کے جعلی دستخط کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق تھانے کے افسر نے ایس ایچ او کی جگہ دستخط کرکے ملزم کو سرٹیفکیٹ دیا، تھانہ گلستان جوہر سے جاری سرٹیفکیٹ کی جانچ پر سابق تھانیدار لاعلم نکلے۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ واردات میں ملوث تمام افراد کی نشاندہی ہوگئی ہے، ملزم نے اپنے دو موبائل فون مائی کلاچی روڈ پر پھینک دیے تھے، ملزم کی جانب سے پھینکے گئے موبائل فون تحویل میں لے لیے گئے ہیں۔ تفتیشی حکام نے بتایا کہ ملزم کی جانب سے پھینکا گیا ایک موبائل فون سیکیورٹی کمپنی نے دیا تھا، ملزم کے ذاتی سم کارڈز، رابطوں سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے میٹھادر سے کیش وین ڈرائیور حسین شاہ 9 اگست کو 20 کروڑ 50 لاکھ روپے لے کر فرار ہوگیا تھا۔ پولیس نے ابتدائی رپورٹ میں بتایا تھا کہ آئی آئی چندریگر روڈ پہنچنے کے بعد گارڈز کچھ رقم لے کر نیچے اترے اور اسی دوران وین ڈرائیور گاڑی لیکر فرار ہوگیا۔ خیال رہے کہ رواں ماہ 4 تاریخ کو کراچی کے بفرزون ڈپٹی کمشنر آفس کے قریب 6 ڈاکوؤں نے واردات کے دوران منی چینجر کی ایک وین پر اندھا دھند فائرنگ کر کے دو افراد کو قتل کر دیا تھا اور کیش لوٹ کر 3 موٹر سائیکلز پر بیٹھ کر فرار ہو گئے تھے۔