انٹرمیڈیٹ کے امتحانات 7اپریل سے شروع ہون گے نقل روکنے کے مکمل اقدامات کر لئے گئے

  • March 25, 2015, 6:58 pm
  • Education News
  • 200 Views

کوئٹہ(آن لائن)7اپریل سے شروع ہونے والے انٹر کے امتحانات سے نقل کے مکمل خاتمے کے لئے صوبائی حکومت نے میٹرک کے امتحانات کے طرز پر مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ معائنہ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لئے سیکریٹریز، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، ڈائریکٹرز اسکولز وکالجز اور دیگر اعلیٰ حکام امتحانات کی نگرانی کریں گے۔ صوبے بھر میں امتحانات کے دوران سخت سیکورٹی کے انتظامات کئے جائیں گے۔ یہ فیصلہ امتحانات سے نقل کی بیخ کنی کے لئے محکمہ ثانوی اور اعلیٰ تعلیم کی تشکیل کردہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں محکمہ ثانوی تعلیم کے ایڈیشنل سیکرٹری اسفندیار خان، محکمہ اعلیٰ تعلیم کے حیات اللہ کاکڑ، چیئرمین بورڈ سعداللہ توخئی، کنٹرولرامتحانات، ڈائریکٹر اسکولز وکالجز، یونیسف کے نمائندے اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انٹر کے امتحانات میں نقل کرنے پر مکمل پابندی ہوگی، دوسرے کی جگہ امتحان میں شرکت کرنے والے امیدواروں کو امتحانی مراکز سے گرفتار کرکے ان کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی۔ امتحانی مراکز میں داخلے سے پہلے تمام امیدواروں کی جامع تلاشی لی جائے گی اور امتحانی مراکز میں موبائل فون سمیت دیگر ذرائع کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی۔ ایسی تمام اشیاء برآمد ہونے کی صورت میں نہ صرف ضبط کرلی جائیں گی بلکہ ایسے تمام امیدواروں کے پرچہ جات منسوخ کرکے ان کے خلاف کیس رجسٹر کیا جائے گا۔ امتحانی اوقات میں امتحانی مراکز کے ارد گرد فوٹو اسٹیٹ کی دکانوں سے پرچہ جات سے متعلق مواد کی ترسیل کی صورت میں ایسی تمام دکانوں کو مکمل طور پر سیل کیا جائے گا اور مالکان کے خلاف قانونی کاروائی ہوگی۔ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے امتحانی مراکز کے باہر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔ نقل کے ناسور اور تباہ کاریوں سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے سلسلے میں صوبے بھر کے تمام اضلاع میں سیمینار کا اہتمام کیا جائے گا۔ طلباء اور دیگر اشخاص نقل کے حوالے سے اپنی شکایات 081-111-098765، 9204127، 9204126اور 9204128پر درج کراسکتے ہیں۔ امتحانات کے دوران امتحانی اوقات میں امتحانی کنٹرول سیل نقل سے متعلق شکایات وصول کرے گی اور ان شکایات پر اسی وقت کاروائی ہوگی۔