کوالٹی ایجوکیشن کے تحت پنجاب میں بلوچستان کے ہزاروں طلباء زیر تعلیم مرحومیوں کے شکار

  • March 26, 2015, 7:40 pm
  • National News
  • 111 Views

کوئٹہ (ویؓب ڈیسک) بوائز پبلک سکول و کالج ملتان نے صوبائی حکومت اور دیگر کی جانب سے ہمارے بچوں کی فیسوں کی ادائیگی نہ کرنے پر انہیں اسناد اور داخلے دینے سے انکار کرتے ہوئے بے دخل کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار کوالٹی ایجوکیشن کے تحت پنجاب بھیجے جانے والے طلباء کے والدین اور اہل خانہ عمر شاہ مندوخیل ودیگر نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوالٹی ایجوکیشن کے تحت پنجاب میں بلوچستان کے ہزاروں طلباء زیر تعلیم ہیں چمالنگ بنفشریز ایجوکیشن پروگرام کے تحت ڈویژنل پبلک سکولوں میں ہمارے بچوں کو میرٹ کی بنیاد پر بھیجا گیا جن کے تعلیمی اخراجات کا پچاس فیصد حکومت پنجاب، 25 فیصد صوبائی حکومت اور 25 فیصد فرنٹیر کور چمالنگ ادا کرتی ہے مگر بدقسمتی سے گزشتہ دو سالوں کے دوران ان کی فیس کی سکولوں کو ادائیگی نہیں کی جاسکی ہے ان کے تمام تر اخراجات سکول نے برداشت کئے ہیں اس سلسلے میں والدین کو نوٹسز ملے تو انہوں نے صوبائی حکومت، محکمہ تعلیم اور کوالٹی ایجوکیشن پروجیکٹ کے حکام سے رابطے کئے مگر اس سلسلے میں کسی قسم کے اقدامات نہ ہوپائے۔ اب 13 مارچ 2015 کو ملتان پبلک سکول و کالج برائے بوائز نے بلوچستان کی تمام طلباء کے والدین کو خطوط ارسال کئے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ وہ فیس کی ادائیگی نہ ہونے کے باعث اپنے بچوں کو اسناد اور آئندہ سال کے داخلے کے لئے نہ بھیجے جس کی وجہ سے 2 سو 70 بچوں کا مستقبل داؤ پر لگ چکا ہے ہم گورنر، وزیراعلیٰ بلوچستان اور دیگر سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مسئلے کی نزاکت کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری احکامات دیں۔