اساتذہ کو خراج تحسین پیش کیا گیا

  • March 26, 2015, 9:56 pm
  • Breaking News
  • 61 Views

کوئٹہ (ویب ڈیسک )قلم دوستی کے بغیر جدید دور کے چیلنجوں کا مقابلہ نہیں کیاجاسکتا۔ تعلیم یافتہ اقوام دنیا پر حکمرانی کررہی ہیں۔ اساتذہ قوم کے معمار ہیں، علم کی شمع روشن کرنے والے اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارصوبائی مشیر تعلیم سردار رضا محمد بڑیچ، بیگم کمانڈر سدرن کمانڈ، پرفیسر ڈاکٹر جہانگیر خان اور دیگر مقررین نے بلوچستان سپورٹس فیسٹیول کی مناسبت سے سلام ٹیچر ڈے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی یاسمین لہڑی اور بڑی تعداد میں اساتذہ موجود تھے۔ تقریب کے انعقاد کا مقصد بلوچستان کے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے والے اساتذہ کو سلام تحسین پیش کرنا تھا۔ تقریب سے صوبائی مشیر تعلیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ استاد کی حیثیت معاشرے میں مسلمہ ہے استاد ہمارے مستقبل کو سنوارتے ہیں، اساتذہ کا پیشہ ایک مقدس پیشہ ہے، اساتذہ اپنے پیشے کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے نوجوان نسل کو صداقت، انصاف اور شجاعت کا سبق پڑھائیں اور ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پشاور کے آرمی پبلک اسکول میں جس طرح دہشت گردی کی گئی اور جس طرح چھوٹے بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا اس کی مذمت کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت تعلیم کے شعبے کو بھرپور اہمیت دے رہی ہے۔ ہم ہر بچہ کو سکول میں اور ہر استاد کو کلاس میں دیکھنا چاہتے ہیں اور موجودہ حکومت نے اسکول بھرو مہم شروع کررکھی ہے۔ ہم والدین سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اپنے بچوں کو ضرور اسکول میں داخل کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں تعلیم کے شعبے پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی۔ موجودہ صوبائی حکومت نے تعلیمی بجٹ کو بڑھا کر 24فیصد کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نقل ایک ناسور ہے اور ہمارے معاشرے کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے۔ موجودہ صوبائی حکومت نے نقل کے خلاف جہاد شروع کیا ہے جس کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کرام اپنے فرائض کو محنت اور تندہی سے انجام دے کر مستقبل کے معماروں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں تاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔ تقریب سے بیگم کمانڈر سدرن کمانڈ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے جس طرح معصوم بچوں کو نشانہ بنایا وہ انتہائی قابل مذمت فعل ہے اور آرمی پبلک اسکول میں شہید ہونے والے اساتذہ قابل عقیدت ہیں۔ انہوں کہا کہ آج کا دن ہمیں شہید اساتذہ کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے علم کی شمع روشن کرتے ہوئے اپنی جانوں کی قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک اسکول کے اساتذہ کی قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ علم ایک سمندر ہے اور علم حاصل کرنے کی کوئی حد نہیں ہوتی۔ تعلیم حاصل کرنے سے انسان کی چشم بصیرت روشن ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جہالت کے گھٹاٹوپ اندھیروں سے نکل کر روشنی کی طرف سفر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا ہمیں اپنے پیشے سے انصاف کرنے والے اساتذہ کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیئے۔تقریب میں مختلف اسکولوں کے طلباء اور طالبات نے ٹیبلو، خاکے اور ملی نغمے پیش کئے۔ تقریب کے آخر میں آرمی پبلک اسکول میں شہید ہونے والے اساتذہ اور بچوں کے لئے دعا کی گئی جبکہ صوبائی مشیر تعلیم سردار رضا محمد بڑیچ، بیگم کمانڈر سدرن کمانڈ ،رکن صوبائی اسمبلی یاسمین لہڑی اور سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر رخسانہ جبیں نے شہید ہونے والے اساتذہ کے لواحقین کو ایوارڈ اور بہتر کارکردگی کا مظاہر کرنے والے اساتذہ میں اسناد تقسیم کیں۔