نوابزادہ طلال اکبربگٹی علالت کے باعث انتقال کرگئے

  • April 27, 2015, 1:19 pm
  • Breaking News
  • 139 Views

وئٹہ: بلوچستان کی جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نواب زادہ طلال اکبربگٹی انتقال فرما گئے ہیں۔ آپ نے 2006 میں پارٹی کی قیادت سنبھالی انتقال کے وقت آپ کی عمر63 سال تھی۔

تفصیلات کے مطابق قوم پرست پارٹی کے سربراہ کو گزشتہ رات عارضہ قلب کے باعث کوئٹہ کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا۔

اسپتال میں ڈاکٹروں کی جانب سے انہیں بھرپورطبی امداد فراہم کی گئی لیکن ان کی طبعیت سنبھل نہ سکی اور رات گئے نوابزادہ طلال اپنے خالقِ حقیقی سے جاملے۔

نواب زادہ طلال بلوچستان کے مشہورقوم پرست رہنماء نواب اکبر بگٹی کے بیٹے اور سیاسی جانشین تھے۔ ان کی آخری رسومات ان کے آبائی علاقے ڈیرہ بگٹی میں ادا کی جائیں گی۔
ابتدائی زندگی

نواب زادہ طلال اکبر بگٹی 17 مارچ 1952 کو بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی میں پیدا ہوئے تھے آپ اپنے والد کیچوتھی اولادتھے اور آپ سے بڑی دو بہنیں اور ایک بھائی سلیم ہیں۔

نواب زادہ طلال کے تین بیٹے شاہ زین بگٹی، گہرام بگٹی اور میرچاکار بگٹی ہیں۔

آپ نے اپنی تعلیم ایچی سن کالج اور پنجاب یونیورسٹی سے حاصل کی۔

جمہوری وطن پارٹی

نواب اکبرخان بگٹی نے 1993 کے انتخابات میں جمہوری وطن پارٹی کی بنیاد رکھی اور قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔
ان کی پارٹی 2002 کے انتخابات میں کوئی قابلِ ذکرکامیابی حاصل نہیں کرپائی تھی۔

اگست 2006 میں نواب اکبربگٹی کی ایک فوجی حملے میں ہلاکت کے بعد نواب زادہ طلال نے پارٹی کی باگ ڈور سنبھالی اور تادمِ مرگ پارٹی کے سربراہ رہے۔