کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ میں ایک شخص جاں بحق

  • May 12, 2015, 5:19 pm
  • Breaking News
  • 225 Views

کوئٹہ ( آئی این پی )کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوگئے مشتعل مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر ٹائر جلائے اور تجارتی مراکز زبردستی بند کرانے کی کوشش کے دوران فائرنگ کی جس کے نتیجے میں مزید 2 افراد زخمی ہوگئے جس کے بعد تاجروں نے بھی شہر میں احتجاج کرنا شروع کیا ہزارہ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے مظاہرین کیخلاف نعرے بازی کی شہر میں پورا دن کشیدگی رہی ایف سی اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو مزید خراب ہونے سے بچایا انجمن تاجران اسسٹنٹ کمشنر سٹی اور دیگر حکام نے دونوں گروپوں سے مذاکرات کئے جس کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے تفصیلات کے مطابق منگل کی صبح کوئٹہ کے سمندر خان روڈ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ پولیس کانسٹیبل سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے زخمیوں کا تعلق ہزارہ کمیونٹی سے بتایا گیا ہے جاں بحق اور زخمی افراد کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا زخمی ہونیوالوں میں علی رضا ٗ سفران علی ٗ صادق علی ٗ محمد عباس اور پولیس کانسٹیبل اشرف علی شامل ہیں واقعہ کیخلاف ہزارہ کمیونٹی کے افراد نے احتجاج کرتے ہوئے باچا خان بلاک کرکے ہر قسم کی ٹریفک معطل کردی اور ٹائر جلائے اس دوران مشتعل افراد نے زبردستی دکانیں بند کرانے کی کوشش کی اور مختلف علاقوں میں فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 افراد نجیب اللہ اور روزی خان زخمی ہوگئے زبردستی دکانیں بند کرانے اور فائرنگ کرنے کیخلاف تاجروں اور شہریوں نے بھی ہزارہ کمیونٹی کے مظاہرین کیخلاف احتجاج شروع کردیا اس دوران بڑی تعداد میں لوگ سٹی تھانہ کے قریب جمع ہوگئے جبکہ باچا خان چوک پر ہزارہ کمیونٹی کے افراد نے جمع ہوکر نعرے بازی کی دونوں جانب سے ایک دوسرے کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی تاہم پولیس اور ایف سی نے حالات کو کنٹرول کرنے کیلئے دونوں اطراف سے مظاہرین کو روکے رکھا اسسٹنٹ کمشنر صدر کوئٹہ طارق مینگل ٗ ایس پی سیف اللہ گورایا اور ایف سی کمانڈنٹ کرنل سجاد نے موقع پر حالات کی نگرانی کرتے رہے اس دوران انجمن تاجران کے صدر رحیم کاکڑ ٗ یاسین مینگل اور اللہ داد ترین بھی موقع پر پہنچ گئے اور انہوں نے دونوں گروپوں کیساتھ مذاکرات کئے جس کے بعد پولیس اور ایف سی نے دونوں گروپوں کو منتشر کرنے کی ہدایت کی لیکن وہ منتشر نہ ہوئے جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے لاٹھی چارج کرتے ہوئے مشتعل افراد کو منتشر کیا اور متعدد افراد کو حراست میں بھی لے لیا ۔