ایک دن پاک آرمی کے ساتھ

  • May 19, 2015, 9:38 pm
  • National News
  • 33 Views

کوئٹہ( آئی این پی) ’’ایک دن پاک آرمی کے ساتھ ‘‘ کی تقریب انتہائی جوش و خروش اور جذبہ حب الوطنی کے تحت کوئٹہ کینٹ میں منعقد ہوئی جس میں بلوچستان یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال کے ہمراہ اساتذہ، اسٹاف اور طلباء و طالبات کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی ۔تقریب کے مہمان خصوصی لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ تھے ۔تقریب کا آغا ز یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھانے سے ہوا طلباء و طالبات نے یاد گار شہداء پر پھولوں کی کلیاں نچھاور کیں۔ تقریب کے مہمان خصوصی لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے طلباء و طالبات سے خطاب کے دوران طلباء کے ملی جذبے کی قدر کرتے ہوئے ان کے جوش جذبے کی تعریف کی اور کہا کہ ہم ایک آزاد وطن کے امن پسند شہری ہیں اور طلباء ہمارا مستقبل ہیں آزادی کا نعرہ لگانے والے نہ صرف نوجوان نسل کو گمراہ کررہے ہیں بلکہ یہاں کے امن کو بھی تباہ کررہے ہیں ہماری نئی نسل ان امن دشمنوں کی کوششوں کو ہمارے ساتھ مل کر ناکام بنائے گی ۔ بلوچستان یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کے طلباء اور طالبات نے پاک آرمی کے زیر استعمال ہتھیاروں کی نمائش میں بہت دلچسپی لی اور خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ بھی کی ان آرمڈ کمبیٹ کے مظاہرے اور آرمی براس بینڈ پر ملی نغمے بھی شرکاء کی توجہ کا مرکز بنے رہے طلباء اور طالبات نے پاک آرمی کا شکریہ ادا کیا اور اس طرح کے مزید پروگرام منعقد کرانے کی خواہش کاا ظہار کیا۔تقریب کے دوران طلباء وطالبات کے پرجوش نعروں سے علاقہ گونجتا رہا ۔