گوادر میں ترقی ہوئی توڈر ہے کہ بلوچ کہیں چوکیداری تک ہی محدود نہ رہ جائیں : عبدالمالک بلوچ

  • June 8, 2015, 1:33 pm
  • Breaking News
  • 96 Views

لاہور(ویب ڈیسک)اقتصادی راہداری منصوبے پر بلوچستان کے تحفظات اب تک دور نہ ہو سکے، وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کہتے ہیں کہ منصوبے پر عملدرآمد کے بعد جب گوادر میں ترقی ہوگی تو کہیں بلوچ چوکیدار تک تو محدود نہیں رہیں گے۔

لاہور میں نیشنل پارٹی کے ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا کہنا تھا کہ اقتصادی راہداری منصوبے کو متنازعہ نہ بنانے کے لیے قومی سیاسی قیادت کا مغربی روٹ پر پہلے کام شروع کرنے پر اتفاق ہوا تھا تاہم اب بھی بلوچوں کے تحفظات دور نہیں کیے جا سکے۔

بلوچستان اپنے ساحل،زمین اور وسائل سے متعلق بہت فکرمند ہیں کہ کہیں ایسا نہ ہو اقتصادی راہداری منصوبے پر عملدرآمد کے بعد جب گوادر ترقی کرے گا تو کیا وہاں کے عوام کو بھی اس میں شامل کیا جائے گا۔

ڈاکٹر عبداالماک بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کی چیخ وپکار پر کوئی کان نہیں دھرتا تاہم لاہور میں ایک چیخ پر پورا پاکستان متوجہ ہو جاتا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ بلوچستان میں اب پنجابیوں کی ٹارگٹ کلنگ نہیں ہو رہی۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے صدر میر حاصل خان بزنجو نے کہا کہ پاکستان ایک جمہوری ملک ہے، اس کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کردار ادا کرنا ہو گا۔