پشاور ایئرفورس کیمپ حملہ ،دہشتگرد دو راستوں سے داخل ہوئے،دہشتگردوں نےمسجد میں داخل ہو کر 16 نمازیوں کو شہید کیا ،: آئی ایس پی آر

  • September 18, 2015, 1:35 pm
  • Breaking News
  • 130 Views

پشاور (نیوز ڈیسک) آئی ایس پی آر کا کہناہے کہ پشاور کے قریب انقلاب روڈ پر پاکستان ایئر فورس کے کیمپ پر حملہ کرنے والے13 مسلح دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے،دہشتگرد دو راستوں سے ایئرفورس کیمپ میں داخل ہوئے اور ایک گروہ نے مسجد میں داخل ہو کر فائرنگ کی جس کے باعث مسجد میں موجود 16 نمازی شہید ہو گئے ہیں۔

فوج کے ادارہ تعلقات عامہ کا کہناہے کہ دہشتگردوں کے ساتھ مقابلے میں پاک فوج کے کیپٹن اسفند یار شہید ہو گئے ہیں لیکن انہوں نے دہشتگردوں کو ان کے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا،کیپٹن اسفند یار فرنٹ لائن سے فوجی دستوں کو کمانڈ کر رہے تھے ۔سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ایک گھنٹے سے زائد جاری رہا جس دوران 13 دہشتگرد مارے گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ دہشتگر دو مختلف راستوں سے کیمپ میں داخل ہوئے ،ایک گروپ نے کھیتوں کے راستے پیچھے سے حملہ کیا جبکہ دوسرے گروہ نے فرنٹ گیٹ سے حملہ کیا اور اندر داخل ہوتے ہی دہشتگرد چھوٹے چھوٹے گروپوں میں تقسیم ہو گئے جن میں سے ایک گروپ نے مسجد میں داخل ہو کر فائرنگ کر دی جس کے باعث 16 نمازی شہید ہو گئے ہیں ۔سیکیورٹی فورسز سے مقابلے میں13دہشت گرد مارے جا چکے ہیں جبکہ کلیئرنس آپریشن جاری ہے ،فائرنگ کے تبادلے میں کوئیک رسپانس فورس کےمیجر سمیت 23 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیاہے۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق نامعلوم مسلح دہشت گردوں نے اعلیٰ صبح ائیر فورس کے کیمپ پر حملہ کیا۔کیمپ میں ائیر فورس کے افسران اور اہلکاروں کی رہائش گاہیں قائم ہیں۔دوسری جانب میجر جنرل عاصم باجوہ نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں بتایا ہے کہ پشاور میں پاک فضائیہ کے بڈھ بیر کیمپ پر دہشت گردوں کا حملہ ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے اعلی الصبح کیمپ کے گارڈ روم پر حملہ کیا تاہم فوج کی کوئیک رسپانس فورس نے موقع پر پہنچ کر ان دہشت گردوں کو گھیر کر علیحدہ کردیا. ابتدائی طور پر حملہ آوروں کی تعداد ٧ سے ١٠ بتائی گئی تھی .

http://dailypakistan.com.pk/national/18-Sep-2015/268937