زمین لرز گئی ،ملک بھر میں شدید زلزلہ ،مکانات،چھتیں،دیواریں گرنے سے 47افراد جاں بحق ،درجنوں زخمی

  • October 26, 2015, 4:06 pm
  • Breaking News
  • 130 Views

سرگودھا (مانیٹرنگ ڈیسک )ملک بھر میں زلزلے کے شدید جھٹکوں کے باعث کئی مکانات ،دیواریں اور چھتیں گر گئیں جس کی وجہ سے 47افراد جاں بحق جبکہ درجنوں افراد زخمی ہو گئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق 8.1شدت کے شدید زلزلے کے باعث اب تک حاصل ہو نے والی اطلاعات کے مطابق باجوڑ میں دو بچوں سمیت 8افرادجاں بحق ہو گئے ، صوابی میں گھر گرنے سے ایک بچہ ، چارسدہ میں 3 افراد ،کلر کہار میں سکول کی دیوار گرنے سے بچہ جاں بحق ، سوات میں دیواریں اور مکانات گرنے سے دو خواتین سمیت 7افراد جاں بحق ،جمرود میں چھت گرنے سے خاتون ،کبل میں دیوار گرنے سے خاتون اور مردان میں مکان کی چھت گرنے سے بچی جاں بحق ہو گئی ، مظفر آباد میں مکان گرنے سے بچہ جاں بحق ،مانسہرہ میں دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق ، ہنزہ میں دیوار گرنے سے بچی جاں بحق ،سرگودھا میں گورنمنٹ انبالہ سکول کی دیوار گرگئی جس سےخاتون جاں بحق 11افرادزخمی ہو گئے ہیں، دیر بالا میں زلزلے کے باعث ایک بچی سمیت 7افراد،پشاور میں تور غر کے مقام پر مکان کی چھت گرنے سے ماں دو بچوں سمیت جاں بحق ،چترال میں مکانات گرنے سے 3طالب علموں سمیت 6افراد جاں بحق جبکہ 20زخمی ہوگئے ۔بونیر میں عمارتیں گرنے سے 3افراد جاں بحق جبکہ 19 زخمی ہو گئے ہیں ۔علاوہ ازیں سوات میں مکانات،دیواریں گرنے سے32 افراد زخمی ،وہاڑی میں رتہ ٹبہ کے علاقے میں دیوار گرنے سے بچی ،شجاع آباد میں مکان گرنے سے بچی،قصور اور راوالپنڈی میں عمارتیں گرنے سے ایک ایک شخص زخمی ہو گیا ۔ملتان میں چھت گرنے سے بچہ زخمی ہو گیا ۔حجرہ شاہ مقیم میں کنواں گرنے سے تین افراد دب گئے ۔لاہور میں بھاٹی گیٹ میں مکان کی دیوار گر گئی ۔مردان میں مکان کی چھت گرنے سے بچی جاں بحق دو خواتین زخمی ہو گئی ہیں۔سوات میں سکول وین کھائی میں گرنے سے 16طالبات زخمی ہو گئی ہیں ۔راولپنڈی میں کالج روڈ پر عمارت گرنے سے 7افراد زخمی ہو گئے ہیں۔زلزلے میں نقصانات کے حوالے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق زلزلے سے سب سے زیادہ خیبر پختونخوا متاثر ہوا۔
علاوہ ازیں لوئر دیر میں کچے مکانات گر گئے جس کے باعث ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ پشاور میں خیبر بازار اور ڈبگری کے علاقے میں عمارت گر گئی جس سے 20افراد زخمی ہو گئے۔پشاور لیڈی ریڈنگ ہسپتال انتطامیہ کے مطابق خواتین اور بچوں سمیت 100زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا ہے۔ایبٹ آباد میں چھتوں اور دیواروں میں دراڑیں پڑ گئیں ہری پور میں مکان کی چھت گرگئی ، بٹگرام میں متعدد مکانات گر گئے۔واضح رہے کہ عمارتوں اور مکانات کے گرنے سے ہلاکتوں کے خدشے کا اظہار کیا جا رہا ہے ۔