جنگ ہوئی تو پاک فوج سے پہلے ہم بھارت سے لڑیں گے، شاہ زین بگٹی

  • September 25, 2016, 5:22 pm
  • Breaking News
  • 221 Views

کوئٹہ: جمہوری وطن پارٹی کے رہنما اور نواب اکبر بگٹی کے پوتے شاہ زین بگٹی کا کہنا ہے کہ ملک کے دفاع کے لیے ہم اور ہمارے قبائل حاضر ہیں اگر جنگ ہوئی تو پاک فوج سے پہلے ہم بھارت سے لڑیں گے۔
کوئٹہ میں جے ڈبلیو پی کے سالانہ کنونشن کے حوالے سے پریس کانفرنس میں بلوچ رہنما شاہ زین بگٹی کا کہنا تھا کہ براہمدغ بگٹی بھارت میں رہے یا جینوا میں یہ ان کا اپنا فیصلہ ہے۔ نواب اکبر بگٹی نے بلوچستان کے الحاق کے سلسلے میں پاکستان کے حق میں فیصلہ دیا تھا، نواب اکبر بگٹی کے نظریئے کے مطابق ہم مکمل طور پر پاکستان کے ساتھ ہیں اور ضرورت پڑی تو ملک کے دفاع کے لیے ہم اور ہمارے قبائل حاضر ہیں، ماضی میں ملک کا دفاع افواج کے ساتھ قبائلیوں نے بھی کیا تھا لہذا اگر جنگ ہوئی تو پاک فوج سے پہلے ہم بھارت سے لڑیں گے۔
شاہ زین بگٹی نے کہا کہ اس وقت بیان بازی کی نہیں یکجہتی کی ضرورت ہے جب کہ سونامی کا دعوی کرنے والے اپنی طاقت بھی ظاہر نہ کر سکے اور عمران خان کا پہلا دھرنا قادری کی وجہ سے ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے تاحال اپنے وعدے پورے نہیں کیے اور ہمارے آئی ڈی پیز کو تاحال آبائی علاقوں کو نہیں بھجوایا گیا۔