بھارت کا آزاد کشمیر میں سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ جھوٹ پر مبنی ہے، ترجمان پاک فوج

  • September 29, 2016, 2:25 pm
  • Breaking News
  • 151 Views

راولپنڈی: پاک فوج نے لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب آزاد کشمیر میں بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کے سرجیکل اسٹرائیک کی سختی سے تردید کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’’آئی ایس پی آر‘‘ نے لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب آزاد کشمیر میں سرجیکل اسٹرائیک کے بھارتی دعوؤں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے کوئی سرجیکل اسٹرائیک نہیں کی گئی بلکہ بھارتی فوج نے ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ کی جس کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت کا بلااشتعال فائرنگ کوسرجیکل اسٹرائیک قراردینا سچائی کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا ہے، بھارت کی جانب سے مشتبہ حملہ آوروں کے لانچ پیڈ کا ذکر بھی جھوٹ پر مبنی ہے۔ پاکستانی سرزمین پرسرجیکل اسٹرائیک کی گئی تو سخت جواب دیا جائے گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے سرجیکل اسٹرائیک کا دعوٰی بالکل غلط ہے، بھارت کی جانب سے سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ اپنی عوام کو تسلی دینے کی کوشش ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کسی خوش فہمی میں نہ رہے، مستقبل میں بھی اگر بھارت نے ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی کی تو اسے بھرپور جواب دیا جائے گا، پاک فوج سرحدوں پر پوری طرح نظر رکھے ہوئے ہے۔

واضح رہے کہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے مختلف سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے جب کہ بھارت کے ڈی جی ایم او نے دعویٰ کیا تھا بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر سرجیکل اسٹرائیک کی تھی۔