پشتونخواملی عوامی پارٹی کے پریس ریلیز میں سوشل میڈیا پر چلنے والے ویڈیو سے لا تعلقی کا اظہار کر دیا

  • October 4, 2016, 9:10 pm
  • Breaking News
  • 202 Views

کوئٹہ(آن لائن)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے پریس ریلیز میں سوشل میڈیا پر چلنے والے ویڈیو کہ جس میں ایک شخص کو نرسنگ کے جلوس میں سے زبردستی گاڑی لیجانے کی کوشش کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پارٹی کے جھنڈے کو کسی بھی صورت اس قسم کے لوگوں کیلئے رکھنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی اور یہ پشتونخوا دشمن عمل ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پر امن احتجاج ہر کسی کا جمہوری حق ہے اورپشتونخوامیپ جمہوری جدوجہد کی ہمیشہ سے دہائی رہی ہے اور خصوصاً خواتین کاعزت و احترام بدرجہ اتم موجود ہے۔ پشتونخوامیپ نے ہر فورم پر خواتین کے حقوق کیلئے آواز بلند کی ہے اور پارٹی نے ہمیشہ اپنے کارکنوں کو معاشرے میں خواتین کی اہم کردار سے آگا ہ کیا ہے اور اس قسم کے ناروا عمل کی نہ صرف مذمت کی ہے بلکہ خواتین کے احترام ، عزت کو ہر لحاظ سے ملحوظ خاطر رکھا ہے ۔ لیکن اگر کوئی شخص پارٹی پرچم کو اپنے ناروا مقصد اور ایسے غیر انسانی عمل کیلئے استعمال کرتا ہے جس کے باعث خدانخواستہ کوئی بڑا حادثہ پیش آسکتا تھا اور اس ناروا عمل کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہوسکتا کیونکہ پشتونخوامیپ نے کبھی بھی اپنے کارکنوں کو ایسی تربیت نہیں دی جس میں خواتین یا معاشرے کے کسی بھی فرد کے تقدس کو پامال کیا جائے۔ بیان میں اس موقع پر پولیس کی موجودگی کے باوجود کوئی کارروائی نہ کرنا بھی ایک بڑی غفلت ہے جس کے مرتکب ذمہ داروں کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے۔