نقل کے خاتمے کا تہیہ کررکھا ہے، میرٹ کے فروغ کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے،کنٹرولر امتحانات جامعہ بلوچستان

  • October 5, 2016, 2:37 pm
  • Education News
  • 102 Views

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) کنٹرولر امتحانات جامعہ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک ترین نے کہا ہے کہ نقل کے خاتمے کا تہیہ کررکھا ہے میرٹ کے فروغ کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے بی اے، بی ایس سی کے امتحانات کے دوران متعدد جعلی امیدواروں کو بے نقاب کیا نقل کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے والدین اساتذہ سول سوسائٹی اور طلباء کو خود مثبت کردار ادا کرنا ہوگا ان خیالات کااظہار کنٹرولر امتحانات جامعہ بلوچستاں ڈاکٹر عبدالمالک ترین نے بی اے ،بی ایس سی کے سالانہ امتحانات کے مختلف امتحانی سینٹرز کے دورے کے موقع پر جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ان کے ہمراہ ڈپٹی کنٹرولر امتحانات اسلم شاہوانی اور ڈپٹی کنٹرولر سرٹیفکیٹ غلام محمد بھی تھے ڈاکٹر عبدالمالک ترین نے بتایا کہ انہوں نے کوئٹہ،پشین، خانوزئی،مسلم باغ، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، مستونگ،قلات،خضدار، چمن، اوستہ محمد، ڈیرہ مراد جمالی، سبی ، ڈیرہ اللہ یار، نوشکی اور دیگر علاقوں میں قائم امتحانی سینٹرز کے دورے کئے اور فرائض میں غفلت برتنے پر خضدار ڈگری کالج کے تمام امتحانی عملے کو معطل کردیا اور نیا عملہ تعینات کیا گیا انہوں نے کہا کہ جن جعلی امیدواروں کو پکڑاگیا ہے ان کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں 3سال تک امتحانات میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی انہوں نے کہا کہ نقل کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی اور امتحانات میں غیرقانونی ذرائع استعمال کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور اگر امتحانی عملہ ملوث پایا گیا تو اس کیخلاف قواعد وضوابط کے مطابق کارروائی کی جائے گی انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر جامعہ بلوچستان ڈاکٹر جاوید اقبال کی ہدایت پر ہم نے مختلف ٹیمیں تشکیل دی ہیں انہوں نے امتحانات کے دوران مکمل تعاون پر صوبائی حکومت کا شکریہ اداکیا۔