نواحی علاقوں میں فراڈ رہائشی اسکیمیں ،غریب عوام کے کروڑوں روپے ڈوبنے کا خدشہ

  • October 19, 2016, 7:59 pm
  • Breaking News
  • 467 Views

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)صوبائی دارالحکومت کے نواحی علاقوں میں فراڈ رہائشی اسکیمیں ،غریب عوام کے کروڑوں روپے ڈوبنے کا خدشہ، تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے مختلف نواحی علاقوں میں بے تحاشہ رہائشی اسکیمیں نجی طور پر بنائی جارہی ہیں اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ اسکیمیوں کی متعلقہ محکموں سے منظوری نہیں لی گئی جس کی بناء پر ان سکیموں کیخلاف جلد ہی کریک ڈائون کیا جائے گا ذرائع نے بتایا کہ متعدد اسکیمیں ایسی بھی ہیں جن کی ملکیت اور کاغذات کسی اور کے نام پر ہیں اور فروخت کوئی اور کررہا ہے جب گاہک اصل مالک کا پوچھتے ہیں تو انہیں تسلی بخش جواب نہیں دیا جاتااس کے علاوہ ان اسکیموں میں بنیادی سہولیات تک میسر نہیں اور خریدنے وا لوں کو کہا جاتا ہے کہ صرف چند ہفتوں کی بات ہے یہاں تمام سہولیات گیس، بجلی، پانی اور سڑکیں تعمیر کردی جائیں گی لیکن متعلقہ محکموں کے پاس اس حوالے سے کوئی رقم جمع ہوئی ہے اور نہ ہی کوئی ریکارڈ موجود ہے ذرائع نے بتایا کہ جو حقیقی رہائشی اسکیمیں ہیں وہاں تمام سہولیات موجود ہیں اور ہر چیز کا باقاعدہ ریکارڈ بھی ہے لیکن کم قیمت کا جھانسہ دے کر غریب اور سادہ لوح عوام کو لوٹنے والوں کے پاس کوئی ریکارڈ ہے اور نہ ہی کوئی ضمانت موجود ہے محض لوگ سستے پلاٹوں کے لالچ میں ادھر کا رخ کرتے ہیں اور اپنی جمع پونجی لٹا بیٹھتے ہیں عوامی و سماجی حلقوں نے ارباب اختیار کی توجہ اس جانب دلاتے ہوئے اپیل کی ہے کہ ایسی غیر قانونی اسکیموں کیخلاف کارروائی کی جائے اور ملوث افراد کیخلاف بھر پور کریک ڈائون کیا جائے کیونکہ لوگ سر چھپانے اور اپنی چھت کا خواب پورا کرنے کیلئے اپنی تمام عمر کی جمع پونجی یہاں پر خرچ کر دیتے ہیں۔