جامعہ بلوچستان کے مختلف شعبوں میں سمسٹر سسٹم رائج کیاجارہا ہے، وائس چانسلر

  • October 20, 2016, 8:52 pm
  • Education News
  • 698 Views

کوئٹہ(اسٹا ف رپورٹر) جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال نے کہا ہے کہ موجودہ دور کے ساتھ تعلیمی تقاضوں پر پورا ترنا نا گزیر بن چکاہے اور جامعہ بلوچستان میں مرحلہ وار مختلف شعبہ جات میں سمسٹر سسٹم کے اجراء کو یقینی بنایا جارہا ہے جس کے تحت تمام معاملات کو عملی جامہ پہنانے کے لئے تربیتی سرگرمیوں اور پالیسیوں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا، ان خیالات کااظہار انھوں نے گزشتہ روزجامعہ بلوچستان کے فیکلٹی ٹریننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر کے زیر اہتمام دو روزہ تربیتی ورکشاپکی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور ملازمین کے لئے مختلف تربیتی پروگرامز ترتیب دیئے گئے ہیں جس کا مقصد ان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور استعداد میں اضافہ کرنا ہے کیونکہ عالمی زرائع کوجدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور تخلیقی، تحقیقی سرگرمیوں کی جانب راغب ہونے کے لئے تربیتی سرگرمیوں کا فروغ بہت ضروری ہے ۔کیونکہ سیکھنے، سکھانے کا عمل انسان کے ساتھ زندگی بھر رہتاہے۔ انہوں نے فیکلٹی ٹریننگ سینٹر کی سرگرمیوں کو سراہا اورامید کی کہ مستقبل میں بھی اس طرح کی سرگرمیوںکو جاری رکھا جائے گا۔ دو روزہ تربیتی ورکشاپ میں ڈین فیکلٹی ڈاکٹر ندیم ملک، سینٹر کے چیئرمین ڈاکٹر ظہور احمد بازئی، ڈائریکٹر ڈاکٹر ثوبیہ رمضان، ڈاکٹر محمد عالم مینگل اور مختلف شعبہ جات کے اساتذہ نے شرکت کی ورکشاپ کا مقصد مختلف شعبہ جات میں سمسٹر سسٹم کا اجراء، کورسز اور امتحانات کے طریقہ کارسمیت معلومات اور تربیت فراہم کرنا تھا۔