بلوچستان کی جیلوں میں سیکورٹی ریڈ الرٹ کردی گئی

  • November 2, 2016, 7:09 pm
  • Breaking News
  • 333 Views

پولیس ٹریننگ کالج پر حملے کے بعد بلوچستان کی جیلوں میں سیکورٹی ریڈ الرٹ کردی گئی، کوئٹہ ،مچھ ،خضدار اور گڈانی جیل انتہائی حساس قرار دے دئیے گئے، جدید سیکورٹی آلات کی تنصیب کردی گئی۔

جیل حکام کے مطابق پولیس ٹریننگ کالج پر حملے کے بعد بلوچستان کی کوئٹہ سمیت بلوچستان کی مختلف جیلوں ممکنہ حملے کے خدشات کے پیش نظر سیکورٹی انتظامات میں اضافہ کردیا گیا اور صوبے کی چار جیلوں کوئٹہ ،مچھ ،خضدار اور گڈانی میں سیکورٹی کو ریڈ الرٹ کردیا گیا ہے۔

اسی سلسلے میں آئی جی پولیس بلوچستان ،ایف سی اور محکمہ داخلہ کے اعلی حکام نے کوئٹہ ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ کرکے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، کوئٹہ جیل میں جیل اہلکاروں کے ساتھ بلوچستان کانسٹبلری ،ریپڈریسپونس گروپ اور ،انسداد دہشت گردی فورسز کے دو سو سے زائد اہلکار تعینات کردئیے گئے ہیں۔

دوسری جانب کوئٹہ میں کلوز سرکٹ کیمرے نصب کر دئیے گئے ہیں، مچھ ،خضدار اور گڈانی جیلوں میں ان کیمروں کی تنصیب کاکام بھی آخری مراحل میں ہے۔

محکمہ جیل خانہ جات نے جیلوں میں مزید سیکورٹی آلات کی خریداری کیلئے بیس کروڑ روپے اور جیل آفیسران کیلئے بلٹ پروف گاڑیون کی فراہمی کی سمری بھی محکمہ داخلہ کو ارسال کردی ہے ۔