وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بلوچستان اور خاص طور سے کوئٹہ کو پھر سے امن کا گہوارہ بنائیں گے

  • April 15, 2018, 11:35 pm
  • Political News
  • 68 Views

کوئٹہ 15اپریل ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بلوچستان اور خاص طور سے کوئٹہ کو پھر سے امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ اور ماحول کو اتنا خوشگوار اور محفوظ بنائیں گے کہ دوسرے صوبوں کے لوگ سیر وتفریح کی غرض سے یہاں آئے ہوئے خود کو مکمل طور پر محفوظ محسوس کریں گے ۔ وزیر اعلیٰ اسپن کاریز کے اچانک دورے کے موقع پر گفتگو کررہے تھے ۔ قبل ازیں وز یر اعلیٰ اسپن کاریز پکنک پوائنٹ پہنچے تو وہاں تفریح کی غرض سے آئے ہوئے لوگوں خاص طور سے نوجوانوں میں گھل مل گئے ۔ وہاں موجو د لوگوں نے وزیر اعلیٰ کو اپنے درمیان دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر موجود نوجوانوں نے وزیر اعلیٰ کے ہمراہ سیلفیاں بنوائیں ۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ ہنہ سمیت بلوچستان کے دیگر تفریحی مقامات کو ترقی دی جائے گی اور یہاں تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہو ں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے بلوچستان کو غیر معمولی حسن سے نوازا ہے ۔ صوبے کے تفریحی مقامات کو ترقی دینے اور تمام سہولتیں اور تحفظ کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ صوبے کے تفریحی مقاما ت کو دوسرے صوبوں کے لوگوں کے لئے پرکشش بنایا جائے گا ۔ انہوں نے صوبے کے تفریحی مقامات پر ٹریفک کے نظام کو درست کرنے کی ضرورت پر بھی زو ر دیا ۔ وزیر اعلیٰ نے علمدار روڈ پر زیر تعمیر بلوچستان یونیورسٹی کیمپس کا دورہ بھی کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت بلوچستان کے نوجوانوں کو مساوی تعلیمی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں ۔ انہو ں نے بلوچستان یونیورسٹی کیمپس مری آباد کی جلد اورمعیاری تکمیل کی ہدایت کی ۔ انہو ں نے کہا کہ ان کی حکومت کم وقت میں لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنے کے لئے کام کررہی ہے ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر رضامحمد اور کمشنر کوئٹہ بھی ان کے ہمراہ تھے وزیر اعلیٰ نے شہر کے دیگر علاقوں کا بھی دورہ کیا اور بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا ۔ا نہوں نے ضلعی انتظامیہ اورمیٹرو پولیٹن کارپوریشن کو ہدایت کی کہ شہر میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے نتیجہ خیز اقدامات کیئے جائیں خاص طور سے بارش سے پیدا ہونے والی حالت بہتربنانے کے لئے فوری کارروائی کی جائے انہوں نے نکاسی آب کے نظام کو فعال اورموثر بنانے پر بھی زور دیا ۔