ہالینڈ کے کپتان پیٹر بورن کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان، پائٹر سیلار ٹیم کے نئے کپتان مقرر

  • April 19, 2018, 6:22 pm
  • Sports News
  • 121 Views

ایمسٹرڈیم۔ (ویب ڈیسک) ہالینڈ ٹیم کے کپتان پیٹر بورن نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا، ان کی جگہ 30 سالہ لیفٹ آرم سپنر پائٹر سیلار ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔
پیٹر بورن نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی طرف سے کھیلنا اور ٹیم کی قیادت کرنا میرے لئے باعث اعزاز بات تھی اور ہم نے مجموعی طور پر جو کامیابیاں حاصل کیں مجھے ان پر فخر ہے، میری کرکٹ سے بہت اچھی یادیں وابستہ ہیں اور میں ان لمحات کو بہت مس کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ نوجوان کھلاڑی مستقبل میں مزید بہتر پرفارمنس کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو زیادہ سے زیادہ فتوحات دلائیں۔ بورن جولائی 2010ء سے ہالینڈ ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔ انہیں 58 ون ڈے اور 43 ٹی ٹونٹی میچز میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے، انہوں نے ایک روزہ کرکٹ میں 1004 رنز بنائے اور 46 وکٹیں لیں جبکہ ٹی ٹونٹی میں انہوں نے 638 رنز بنائے اور 18 وکٹیں حاصل کیں۔