میشا شفیع کا مقدمہ 2 وکیل لڑیں گے

  • April 24, 2018, 4:28 pm
  • Entertainment News
  • 311 Views

گلوکار و اداکار علی ظفر پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کرنے والی گلوکارہ اور ماڈل میشا شفیع نے بیرسٹر محمد احمد پنسوتا اور نگہت داد کی خدمات حاصل کرلیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں میشا شفیع کا کہنا ہے کہ علی ظفر پر جنسی ہراسانی کے الزامات سے متعلق کیس کے تمام معاملات بیرسٹر محمد احمد پنسوتا اور نگہت داد دیکھیں گے۔

میشا شفیع کا یہ بھی کہنا ہے کہ میڈیا کسی بھی قسم کی معلومات کے لیے ان وکلاء سے رابطہ کرسکتا ہے۔

واضح رہے ک چند روز قبل میشا شفیع کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ علی ظفر نے انہیں کئی مرتبہ جنسی طور پر ہراساں کیا ہے۔

علی ظفر نے یہ الزام لگنے کے بعد کہا تھا کہ وہ اس معاملے کو عدالت کے ذریعے نمٹائیں گے جس کے بعد گزشتہ روز علی ظفر کی جانب سے میشا شفیع کے خلاف 10کروڑ روپے جرمانے کا مقدمہ دائر کردیا گیا۔

میشا شفیع کے الزامات کے بعد کئی اور خواتین کی جانب سے بھی علی ظفر پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات لگائے گئے۔

دوسری جانب شوبز سے تعلق رکھنے والی مختلف شخصیات کی جانب سے علی ظفر اور میشا شفیع کے حق میں اور خلاف مختلف بیانات بھی میڈیا پر آچکے ہیں۔

میشا شفیع کے وکیل احمدپنسوتا کا کہنا ہے کہ آج ہی میشا نے باضابطہ وکیل مقرر کیا ہے معاملے کا ہر پہلو سےباریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ابھی تو سوشل میڈیا وار ہی ہو رہی ہے، دوسری طرف سے قانونی معاملہ آئے گا تو اس کی روشنی میں لائحہ عمل بنائیں گے۔

احمد پنسوتا نے یہ بھی کہا کہ میشاشفیع کی دوسری وکیل نگہت داداٹلی میں ہیں، دیکھیں گے علی ظفر کی طرف سے کیا ہوتا ہے اور ہمیں کیا کرنا ہے۔