گاڈ فادر کا ایک اور درباری نااہل ہوگیا، عمران خان

  • April 27, 2018, 9:57 am
  • Breaking News
  • 171 Views

بنی گالہ:
چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ گاڈ فادر کا ایک اور درباری اقامے کی آڑ میں کرپشن اور منی لانڈرنگ چھپاتے ہوئے نااہل ہوگیا۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ میں چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ گاڈ فادر کے ایک اور درباری کو نااہل قرار دیا گیا، یہ درباری بھی اپنے گاڈ فادر کی طرح اقامے کی آڑ میں کرپشن اور منی لانڈرنگ چھپاتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف نے شوکت خانم کو نشانہ بنایا تاہم آج وہ خود پاکستان اور پوری دنیا میں سرعام رسوا ہورہے ہیں۔

سابق وزیرخارجہ خواجہ آصف کی نااہلی کا فیصلہ چئیرمین تحریک انصاف عمران خان، اسدعمر، شیریں مزاری اور نعیم الحق نے اکٹھے بیٹھ کر ٹی وی پر سنا، اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ فیصلے پر خوشی ہوئی۔

عدالتی فیصلے سے قبل عثمان ڈار سے ملاقات کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ کیس کسی کی ذات کا نہیں، پاکستان کے مستقبل کا تھا، خواجہ آصف نے ووٹ کے تقدس کو پامال کیا۔

واضح رہے کہ جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے 3 رکنی لارجر بینچ نے فیصلہ سناتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ آصف کو نااہل قرار دے دیا۔ تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے اقامہ چھپانے پر وزیر خارجہ خواجہ آصف کی نااہلی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد 10 اپریل کو فیصلہ محفوظ کیا جو آج سنایا گیا۔