آئندہ انتخابات کے بعد ہمارے بغیر کوئی حکومت نہیں بن سکے گی، آصف زرداری

  • April 27, 2018, 7:28 pm
  • Political News
  • 321 Views

لاہور:
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات کے بعد ہمارے بغیر کوئی حکومت نہیں بن سکے گی اگر کوئی حکومت بنی بھی تو چل نہیں سکے گی۔

پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آصف علی زرداری سے پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی جس میں عثمان ملک، عاصم بھٹی اور رانا عرفان احمد خاں شامل تھے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات کے بعد ہمارے بغیر کوئی حکومت نہیں بن سکے گی اگر کوئی حکومت بنی بھی تو چل نہیں سکے گی، جس طرح (ن) لیگ کو سینیٹ نہیں لینے دیا اسی طرح ن لیگ کو حکومت نہیں بنانے دوں گا۔

شریک چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ 2013ء میں ہمارے ہاتھ باندھ کر الیکشن میں اتارا گیا تھا،2013ء میں ن لیگ کو دھاندلی کی کھلی اجازت تھی مگر اب 2018ء میں ایسی صورت نہیں ہے مسلم لیگ (ن) کو اب آٹے دال کا بھاؤ پتا لگ جائے گا۔

آصف زرداری نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو اور میں پنجاب کے ہر ضلع میں جائیں گے، ایک کام بلاول بھٹو کا ہے اور ایک کام میرا ہے، یہ دونوں کام ہی ضروری ہیں، پیپلز پارٹی نے کسانوں اور سرکاری ملازمین کو جو ریلیف دیا تھا انہیں آج بھی یاد ہے لیکن ن لیگ نے 5 برس میں ان دونوں طبقات کو کچھ نہیں دیا، الیکشن میں کسان اور غریب سرکاری ملازمین ن لیگ سے انتقام لیں۔