گوادر سائنس فیسٹیول میں پانی کی سطح ناپنے والے پیمانے کی دھوم

  • April 30, 2018, 7:44 pm
  • National News
  • 258 Views

گوادر: سائنس فیسٹیول میں دو ہونہار طالبات نے پانی کی سطح جاننے کے پیمانے کا ماڈل پیش کر کے بازی مار لی۔

گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول سربندر کی ان طالبات نے یہ ماڈل کسی استاد کی رہنمائی کے بغیر بنایا ہے۔

ماڈل میں پانی ضائع ہونے سے بچانے کے لیے ایسا سسٹم لگایا گیا ہے جو ٹینکی میں پانی مطلوبہ سطح سے بلند ہونے پر الارم بجانا شروع کر دیتا ہے۔

الارم بجنے پر صارف موٹر بند کر دیتا ہے اور پانی ضائع ہونے سے بچ جاتا ہے۔

ماڈل پیش کرنے والی طالبات نے فیسٹیول کے شرکا سے داد و تحسین کے ساتھ انعام بھی حاصل کیا۔

ایک روزہ گوادر سائنس فیسٹیول میں ضلع بھر کے طلبا و طالبات نے اپنے تیار کردہ سائنسی ماڈلز پیش کیے۔

فیسٹیول کا انعقاد گورنمنٹ ماڈل ہائی اسکول میں ڈپٹی کمشنر گوادر داؤد احمد خلجی، محکمہ تعلیم گوادر، ضلعی حکومت ، بیمسار، گوادر ایسوسی ایشن آف پروفیشنلز، حمید ہنڈا اور پاکستان الائنس فار میتھ اینڈ سائنس کے اشتراک سے کیا گیا۔

گوادر سائنس فیسٹیول میں ضلع بھر کے 28 سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے 3500 سے زائد طلبا و طالبات نے شرکت کی۔

اساتذہ، تاجروں، سائنسی ماہرین، سرکاری افسران اور سیاسی شخصیات نے بھی نمائش دیکھی۔

فیسٹیول میں طلبا کے تیار کردہ 100 سے زائد سائنسی ماڈلز پیش کیے گئے۔

فیسٹول میں سائنسی ماڈلز کی نمائش کے ساتھ ساتھ طلبا کو جدید سائنسی تصورات سے بھی متعارف کرایا گیا۔

فیسٹول کا افتتاح چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ محمد نور مسکزائی نے کیا اور طلبا کی حوصلہ افزائی کے لیے خود بھی سائنس کلب کی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔

شرکا نے بچوں کی محنت، لگن اور کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ حکومتی سطح پر ان کے ہنر کی سرپرستی کی جائے گی۔