ایف سی اور سی ٹی ڈی مل کر دہشت گردوں کے خلاف بھر پور کارروائیاں

  • May 1, 2018, 11:54 pm
  • Breaking News
  • 499 Views

کوئٹہ (آئی این پی ) ڈپٹی انسپکٹر جنرل سی ٹی ڈی پولیس اعتراز احمد گورایا اور سیکٹر کمانڈر غزہ بند سکاؤٹس تصور ستار نے کہا ہے کہ ایف سی اور سی ٹی ڈی مل کر دہشت گردوں کے خلاف بھر پور کارروائیاں کررہی ہیں ، گزشتہ روز کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کے اہم کمانڈر عبدالرحیم کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس کے سر کی قیمت 20 لاکھ روپے مقرر تھی ، گرفتار ملزم نے ہزارہ برادری کی ٹارگٹ کلنگ ، بم دھماکوں اور ایف سی کے پی آر کی گاڑی پر فائرنگ سمیت 9 بڑی کارروائیوں سمیت دیگر میں ملوث رہا ہے ۔ کوئٹہ میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزار احمد گورایا کا کہنا تھا کہ گز شتہ روز ایف سی اور سی ٹی ڈی کی کامیاب کاروائی کے نتیجے میں کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کے اہم کمانڈر عبدالرحیم کو حراست میں لے لیا گیا ہے جنہوں نے بی ایم سی ہسپتال ، ہزارہ ٹاؤن میں پانی کے ٹینکر میں بارودی مواد کے ذریعے دھماکے ، ہزار گنجی میں 9 افراد کے قتل سمیت 9 بڑی کارروائیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملزم نے بتایا ہے کہ انہوں نے ایف سی کے پی آر او خان واسع کی گاڑی پر بھی فائرنگ کی بلکہ ہزار گنجی میں 9 افراد کو قتل کرنے سمیت ہزارہ ٹاؤن میں پانی کے ٹینکر میں بارودی مواد کے ذریعے دھما کا کیا جس میں سو سے زائد افراد لقمہ اجل بنے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پکڑے جانے والے دہشت گرد نے بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال میں بھی دہشت گردی کے واقعہ کا اعتراف کیا ہے جس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سمیت متعدد افراد لقمہ اجل بنے تھے بلکہ کئی زخمی بھی ہوئے تھے۔ ملزم نے دہشت گردی کی 9 بڑی وارداتوں سمیت دیگر کا اعتراف کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث افراد کے کیمپس ہمسایہ ملک افغانستان میں موجود ہیں ، ہماری کوئٹہ کے شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فورسز کا ساتھ دیں ایسا کرنے والے شہریوں کے نام صیغہ راز میں رکھے جائیں گے ۔ا نہوں نے کہاکہ دہشت گرد تنظیمیں نام بدل بدل کر کارروائیاں کررہی ہیں۔ غزہ بند سکاؤٹس کے سیکٹر کمانڈر تصورستار کا کہنا تھا کہ ایف سی اور سی ٹی ڈی مل کر دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کررہی ہیں جس کا واضح مثال گزشتہ روز لشکر جھنگوی کے اہم کمانڈر عبدالرحیم کی گرفتاری ہے جس کی سر کی قیمت 20 لاکھ روپے مقرر تھی ۔ اس موقع پر گرفتار ملزم عبدالرحیم کی اعترافی ویڈیو بھی ملٹی میڈیا کے ذریعے میڈیا نمائندوں کو دیکھائی گئی جس میں انہوں نے ہزارہ ٹاؤن میں ٹینکر میں بارودی مواد کے ذریعے دھماکہ کرنے ، ہزارہ برادری کے افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی مختلف واقعات سمیت دیگر کا اعتراف کیا تھا ۔