بلوچستان میں 6 مزدوروں کے قتل پر چیف جسٹس کا نوٹس

  • May 5, 2018, 5:02 pm
  • Breaking News
  • 379 Views

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے بلوچستان کے ضلع خاران میں 6 مزدوروں کے قتل کا نوٹس لے لیا۔

کیس کی سماعت 11 مئی کو کوئٹہ رجسٹری میں ہوگی، جس کے لیے چیف سیکریٹری بلوچستان اور آئی جی بلوچستان کو نوٹس جاری کردیئے گئے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع خاران کے علاقے لیجے توک میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 6 مزدور جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا تھا۔

حکام کے مطابق مزدور علاقے میں تعمیراتی کام میں مصروف تھے کہ نامعلوم مسلح ملزمان نے ان پر فائرنگ کر دی اور فرار ہو گئے۔

جاں بحق ہونے والے مزدوروں کا تعلق پنجاب سے ہے، جن کی لاشوں کو ان کے آبائی علاقے اوکاڑہ روانہ کردیا گیا۔

مزدوروں کے قتل کا مقدمہ لیویز تھانہ خاران میں مقتولین کے رشتہ دار تنویر احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں قتل، اقدام قتل اور انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔