عید الفطر16جون کومنائی جائے گی، رویت ہلال کونسل کی پیش گوئی

  • May 14, 2018, 8:34 pm
  • Education News
  • 780 Views

عید الفطر16جون کومنائی جائے گی، رویت ہلال کونسل کی پیش گوئی

لاہور: رویت ہلال ریسرچ کونسل نے پیش گوئی کی ہے کہ رمضان المبارک 1439 ہجری کا چاند منگل کوپیدا ہوگا جس کے بعد پہلا روزہ جمعرات 17 مئی جبکہ عید الفطر16 جون کومنائی جائے گی۔

رویت ہلال ریسرچ کونسل کی سیکرٹری جنرل خالد اعجازمفتی کے مطابق رمضان المبارک کا چاند 15 مئی کی سہہ پہر4 بج کر48 منٹ پرپیدا ہوگا، جسے 16 مئی بدھ کی شام غروب آفتاب کے وقت لاہورسمیت ملک کے تمام شہروں میں با آسانی دیکھا جاسکے گا، 16 مئی بدھ کی شام پاکستان کے تمام شہروں میں چاند کی عمر26 گھنٹے سے زائد ہوگی، جس کی وجہ سے 29 شعبان المعظم کی شام رمضان المبارک کا چاند نظرآنے کے قوی امکانات ہیں۔

خالد اعجازمفتی یہ بھی کہتے ہیں کہ نیا چاند اس وقت تک دکھائی نہیں دیتا جب تک اس کی عمرغروب آفتاب کے وقت کم ازکم 19 گھنٹے نہ ہو، اسی طرح چاند دکھائی دینے کےلئے سورج اورچاند کے غروب ہونے کا درمیانی فرق کم ازکم 40 منٹ ہونا چاہیے، یہ فرق پشاور، اسلام آباد، راولپنڈی اورلاہورمیں 58 منٹ جبکہ کوئٹہ اورکراچی میں 60 منٹ ہوگا۔
رویت ہلال ریسرچ کونسل کے مطابق سب سے زیادہ فرق گوادر، جیوانی، پنجگور اورتربت میں 61 منٹ ہوگا، چاند کا زمین سے زاویائی فاصلہ کم ازکم 6 ڈگری اورچاند کا سورج سے زاویائی فاصلہ کم ازکم 10 ڈگری ہونا چاہیے۔

ماہرین کے مطابق شوال کا چاند 29 رمضان المبارک بمطابق 14 جون کو دکھائی نہیں دے گا، اس سال 30 روزے ہوں گے اور عیدالفطر 16 جون کومنائی جائے گی، چاند کی رویت کا شرعی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 16 مئی کو کراچی، زونل کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی ہیڈکوارٹرز میں ہوں گے۔