ملک بھر میں عام انتخابات 25 جولائی کو ہوں گے، صدر مملکت نے منظوری دے دی

  • May 26, 2018, 10:12 pm
  • National News
  • 227 Views

صدر مملکت ممنون حسین نے 25 جولائی کو عام انتخابات کے انعقاد کی منظوری دے دی۔

ملک بھرمیں قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کےانتخابات ایک ہی دن ہوں گے، صدر مملکت نے الیکشن کمیشن کی بھیجی گئی سمری پر دستخط کردیے۔

الیکشن کمیشن نے انتخابات کے لیے 25، 26 اور 27 جولائی کی تاریخیں تجویز کی تھیں اور صدر مملکت کو ان میں سے کوئی ایک تاریخ منتخب کرنی تھی ، صدر نے قریب ترین تاریخ منتخب کی۔


خورشید شاہ نے نگراں وزیراعظم کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں جانے کا عندیہ دیدیا

عام انتخابات کے تاریخ کا اعلان تو کردیا گیا ہے تاہم حکومت اور اپوزیشن اب تک نگراں وزیراعظم کے لیے کسی ایک نام پر متفق نہیں ہوسکے ہیں۔

موجودہ حکومت کی آئینی مدت 31 مئی 2018 کو ختم ہوجائے گی اور اگر اس وقت تک حکومت اور اپوزیشن کسی نام پر متفق نہ ہوئے تو نگراں وزیراعظم کی تعیناتی کا اختیار پارلیمنٹ کے ہاتھ سے نکل جائے گا۔

اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کہتے ہیں کہ اسمبلیوں کی مدت ختم ہونے کے 3 روز بعد پارلیمانی کمیٹی بنتی ہے، وزیراعظم یا اپوزیشن لیڈر کی درخواست پر ہی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیں گے۔

موجودہ حکومت کی آئینی مدت کا اختتام اور نگراں وزیراعظم کا انتخاب
موجودہ حکومت کی آئینی مدت 31 مئی 2018 کو ختم ہو جائے گی جس کے بعد نگراں حکومت آئندہ انتخابات تک اپنی ذمہ داریاں سنھالے گی۔

مروجہ طریقہ کار کے مطابق نگراں وزیراعظم کے انتخاب کے لیے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی طرف سے نام سامنے آتے ہیں اور کسی ایک نام پر اتفاق ہونے پر اسے نگراں وزیراعظم نامزد کردیا جاتا ہے۔


نگراں وزیراعظم کے نام پر حکومت اور اپوزیشن میں اتفاق نہ ہوسکا

پہلے مرحلے میں کسی نام پر اتفاق نہ ہونے کی صورت میں نگراں وزیراعظم کے انتخاب کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس جاتا ہے اور اگر کمیٹی بھی کسی حتمی نتیجے پر نہ پہنچ سکے تو معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس جاتا ہے، جس کے بعد الیکشن کمیشن تجویز کردہ ناموں میں سے کسی ایک موزوں شخص کا انتخاب بطور نگراں وزیراعظم کرتا ہے۔

خیال رہے کہ 8 مئی کو سب سے پہلے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 25 یا 26 جولائی کو الیکشن کرانے پر غور کررہی ہے اور اس حوالے سے سمری صدر مملکت کو بھیجی جائے گی۔


عام انتخابات جولائی کی 25 یا 26 تاریخ کو کرانے پر غور

تاہم الیکشن کمیشن نے اس خبر کی تردید کی تھی اور کہا تھا کہ فی الحال کوئی تاریخ حتمی نہیں ہے۔

اس کے بعد 17 مئی کو الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر عام انتخابات کے لیے 31 جولائی کی تاریخ درج کردی گئی تھی۔

میڈیا پر خبر نشر ہونے کے بعد الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے یہ تاریخ ہٹا دی گئی تھی اور ترجمان الیکشن کمیشن الطاف خان نے کہا تھا کہ الیکشن کی تاریخ اور شیڈول کوئی چھپانے والی بات نہیں، جب اعلان ہوگا تو پوری قوم کے لیے ہوگا۔


الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے الیکشن 2018 کی درج تاریخ ہٹادی گئی

انہوں نے کہا تھا کہ ویب سائٹ کی جس جگہ پر 31 جولائی کی تاریخ درج ہے وہ ایک ’ایمپٹی لنک‘ ہے۔

البتہ اب اس بات کا باضابطہ اعلان کردیا گیا ہے کہ عام انتخابات 25 جولائی 2018 بروز بدھ منعقد ہوں گے۔