قلعہ عبداللہ کی تحصیل گلستان میں10سالہ لڑکی کی 70سالہ شخص سے شادی کرانے سے انکار پر لڑکی کے بھائی کو اغواء کرلیاگیا

  • June 11, 2018, 11:52 pm
  • Breaking News
  • 1.03K Views

کوئٹہ ( آن لائن)قلعہ عبداللہ کی تحصیل گلستان میں10سالہ لڑکی کی 70سالہ شخص سے شادی کرانے سے انکار پر لڑکی کے بھائی کو اغواء کرلیاگیا۔ سفاک ملزمان نے لڑکی کے ضعیف العمر چچا کی داڑھی بھی کاٹ دی۔سپریم کورٹ نے رواں سال اپریل میں اس معاملے پر نوٹس اورسپریم کوئٹہ رجسٹری میں سماعت کی تھی لیویز کے مطابق گلستان کے علاقے عبدالرحمان زئی کے قریب 35سالہ عبیداللہ کو نور ک سلیمان خیل جاتے ہوئے دو گاڑیوں میں سوار مسلح افراد نے گاڑی سے اتار کر اغواء کرلیا اور اپنے ہمراہ لے گئے۔ گاڑی میں مغوی کے چچا 60سالہ مولوی انعام الحسن عرف مولوی لالہ اور چچازاد حسن بھی موجود تھے اغواء کاروں نے انہیں بھی زدوکوب اور تشدد کا نشانہ بنایا اور مولوی انعام الحسن کی داڑھی قینچی سے کاٹ دی۔ عبدالرحمان زئی لیویز تھانہ نے مولوی انعام الحسن کی مدعیت میں عبیداللہ کے اغواء کا مقدمہ ملزمان حاجی بابئی، تاج محمد، محمد رشید، محمد رحیم، نظر محمد ، دل محمد اور دیگر کو مقدمے میں نامزد کیا ہے۔ اغواء کی وجہ رشتے کا تنازعہ بتایا جاتا ہے ۔مولوی انعام الحسن عرف مولوی لالہ نے بتایا کہ اغواء کار میرے بھتیجے عبیداللہ کی 10سالہ بہن نرگس کی اپنے 70سالہ چچادین محمد عرف پہلوان سے زبردستی شادی کرانا چاہتے ہیں۔ عبیداللہ کے انکار پر اغواء کاروں نے 6جولائی2017ء کو بھی اسے کوئٹہ سے اغواء کیا تاہم فوری اطلاع ملنے پر پولیس نے تعاقب کے بعد مغوی کو بازیاب اور چار وں اغواء کاروں کو گرفتار کرلیا تھا۔ ملزمان نے عدالت سے ضمانت ملنے کے بعد ایک بار پھر میرے بھتیجے عبیداللہ کو اغواء کرلیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال 11اپریل کو سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹریشن میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے بھی اس معاملے کی سماعت کی ۔ آئی جی پولیس، کمشنر کوئٹہ،ڈی سی قلعہ عبداللہ اور ڈی پی او کو بچی کے اہلخانہ کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیا تھا۔ مغوی کے لواحقین نے چیف جسٹس سپریم کورٹ، چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ، گورنر، نگراں وزیراعلیٰ ، آئی جی پولیس، ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ ، ڈی پی او قلعہ عبداللہ اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مغوی کو فوری بازیاب کرایا جائے کیونکہ اس کی جان کو خطرہ ہے اور اغواء کار مغوی کو جان سے مار دینے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔