پی ٹی آئی کا امیدواروں کی حتمی فہرست میں پھریوٹرن

  • June 25, 2018, 1:52 pm
  • Election 2018
  • 155 Views

ملک بھرمیں آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے تمام جماعتوں کی سیاسی سرگرمیاں زوروشور سے جاری ہیں۔ امیدواروں کی حتمی فہرست میں پاکستان تحریک انصاف نے ایک بارپھر یوٹرن لے لیا۔ نئی فہرست میں سکندربوسن کا نام نکال دیا گیا۔ علی محمدخان،عامرلیاقت اورفیصل واوڈا کو بھی ٹکٹ مل گئے جبکہ نذیرجٹ اوران کی بیٹی عائشہ نذیرسے ٹکٹ واپس لے لیا گیا۔

تحریک انصاف نےقومی اسمبلی کے لیے 272 نشستوں میں سے 231اور خیبرپختونخوا کے لیے 99 میں سے 90 جبکہ پنجاب کے 238 کھلاڑیوں کو پارٹی ٹکٹ دیا ہے۔

سندھ کے79 اور بلوچستان کے36حلقوں کیلئے امیدواروں کی نامزدگی مکمل کرکے حتمی فہرست جاری کیے جانے کے بعد پھرقومی اسمبلی کی ترمیم شدہ فہرست بھی آگئی۔ کارکنوں کادباؤ کہیں یاکچھ اور کہ شدید احتجاج کا سامنا کرنے کے بعد قیادت نے پہلی فہرست میں شامل سکندربوسن کا نام نئی فہرست سےخارج کر دیا۔

ٹکٹ نہ مانگنے والےغلام عباس کو این اے74سیالکوٹ سے ٹکٹ جاری کر کے ان کے بیٹے احسن عباس سے صوبائی ٹکٹ واپس لے لیا گیا۔ این اے 92سرگودھا میں ظفر احمد قریشی کی بجائے صاحبزادہ قاسم سیالوی کو ٹکٹ الاٹ کردیاگیا جبکہ قاسم سیالوی نےتوکاغذات نامزدگی ہی جمع نہیں کرائے۔

وہاڑی کے قومی اورصوبائی حلقوں سے عائشہ نذیر جٹ اور ان کے والد دونوں سے ٹکٹ جاری کیے جانے کے بعد نئی فہرست میں واپس لے لیے گئے۔

مردان سے علی محمد خان اورکراچی سے چہ مگوئیوں کی زد میں رہنے والے عامرلیاقت حسین اورفیصل واوڈا کوبھی ٹکٹ جاری کردیا گیا۔ سابق چئیرمین سینیٹ محمد میاں سومرو کو جیکب آباد جبکہ شاہ محمود قریشی کو ملتان کے علاوہ سندھ سے قومی اسمبلی کے دو حلقوں کا ٹکٹ دے دیا گیا۔

شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی بھی قومی اسمبلی کے ٹکٹ ہولڈر ہیں جبکہ لاہور سے علامہ اقبال کے پوتے ولید اقبال کو ٹکٹ نہیں دیا گیا۔

چئیرمین تحریک انصاف عمران خان خود پانچ ، شاہ محمود قریشی تین جبکہ غلام سرور خان، طاہرصادق اورخسرو بختیار قومی اسمبلی کے دو دو حلقوں سے الیکشن لڑیں گے۔