کوئٹہ کی ہنہ جھیل ایک بار پھر خشک سالی کا شکار

  • June 25, 2018, 4:24 pm
  • Weather News
  • 456 Views

کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواح میں واقع تفریحی مقام ہنہ جھیل کا بڑا حصہ ایک مرتبہ پھر خشک ہوگیا۔

کوئٹہ شہر سے تقریباً 18کلومیٹر کے فاصلے پر واقع پہاڑوں میں گھری ہنہ جھیل رواں سال اپریل میں بارشوں کے بعد پانی سے تقریباً بھر گئی تھی، تاہم اب جھیل کا ایک بڑا حصہ 2 ماہ کے عرصے میں خشک ہوگیا ہے۔


اس وقت ہنہ جھیل کے محض تھوڑے سے حصے پر پانی موجود ہے اور بیشتر حصہ خشک ہونے کے باعث جھیل چٹیل میدان کا منظر پیش کرنے لگی ہے۔

پانی خشک ہونے کے باعث جھیل کے وسطی حصے پر پڑی دراڑیں واضح طور پر دیکھی جاسکتی ہیں اور تفریح کے لیے آنے والے سیاح جھیل کے خشک حصے پر چہل قدمی کرتے نظر آتے ہیں۔

ہنہ جھیل کا بڑا حصہ خشک ہونے سے جھیل میں واٹر اسپورٹس کا سلسلہ بھی بند ہوگیا ہے، جس سے کھلاڑیوں میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

واضح رہے کہ رواں برس اپریل میں جھیل پانی سے تقریباً بھر گئی تھی، لیکن کوئٹہ میں درجہ حرارت بڑھنے اور گرمی کے باعث جھیل کا پانی خشک ہوگیا ہے۔

آبی ماہرین کے مطابق اگر موسم گرما میں بارشیں نہ ہوئیں تو جھیل مکمل طور پر خشک ہوجائے گی۔

ہنہ جھیل خشک ہوجانے سے آئندہ سال موسم سرما میں سائیبریا سے آبی پرندوں کی آمد کا سلسلہ بھی شدید متاثر ہوگا۔