پشاور میں پاک فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ،2 پائلٹ شہید

  • June 26, 2018, 1:04 pm
  • Breaking News
  • 231 Views

پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ پر پاک فضائیہ کا ایک تربیتی طیارہ کریش لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوگیا، طیارے میں سوار دونوں پائلٹ شہید ہوگئے۔

ترجمان پاک فضائیہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا ایف ٹی سیون پی جی تربیتی طیارہ معمول کے آپریشنل ٹریننگ مشن پر تھا۔

عینی شاہدین کے مطابق مذکورہ طیارے میں فنی خرابی کے باعث پرواز کے فوراً بعد آگ لگ گئی تھی، جہاز کے پائلٹ نے کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جہاز کو قریبی آبادی پر گرنے سے بچایا اور ایئرپورٹ کی جانب لے آیا۔

عینی شاہدین کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایئرپورٹ پر کریش لینڈنگ کے دوران جہاز میں آگ لگ گئی جبکہ جہاز میں سے زوردار دھماکے کی آواز بھی سنائی دی۔

جہاز میں سوار دونوں پائلٹ شہید ہوگئے، پاک فضائیہ کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ حادثے کے بعد ایئرپورٹ پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔