’مارخور کی تصویر کی بجائے پی آئی اے باتھ رومز بنائے‘

  • June 28, 2018, 4:22 pm
  • National News
  • 210 Views

چیف جسٹس نے کہا ہے کہ مارخور کی تصویر لگانے کی بجائے پی آئی اے اپنے باتھ رومز بہتر بنائے۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے پی آئی اے کو ہونے مالی نقصانات کے معاملے کی سماعت کی .

سپریم کورٹ نے سابق مشیر ہوابازی شجاعت عظیم سمیت پی آئی اے کے سابق اعلی عہدیداروں کےنام ای سی ایل سے نکالنے کا بھی حکم دے دیا۔

عدالت نے آڈیٹر جنرل پاکستان کو پی آئی اے کے گزشتہ دس سال کا اسپیشل آڈٹ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ فیصلہ ہونے تک کنٹریکٹ پائلٹس کے علاوہ پی آئی اے میں بھرتیوں اور برخاستگی پر پابندی رہے گی۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے کہا کہ طیاروں پر پسند ناپسند کے باعث ادارے کو نقصان پہنچا، ادارے کو نقصان پہنچانے والوں نے ہاؤسنگ سوسائٹیاں اور فارم ہاوس بنا رکھے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اس معاملے میں مداخلت کا مقصد پی آئی اے کے خسارے کی وجوہات جاننا ہے، پی آئی اے کی انتظامیہ مضبوط ہاتھوں میں ہونی چاہئے۔

سابق مشیر ہوابازی شجاعت عظیم اور سابق ایم ڈی اسلم آغا کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کی درخواست پر عدالت نے انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی،کیس کی مزید سماعت ایک ہفتے بعد ہوگی۔