نااہلی کا فیصلہ معطل، فواد چوہدری کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی

  • June 28, 2018, 4:33 pm
  • National News
  • 163 Views

لاہور: ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی نااہلی سے متعلق ایپلیٹ ٹریبونل کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے انہیں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 67 سے انتخابات لڑنے کی اجازت دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی نااہلی سے متعلق اپیلٹ ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔ فواد چوہدری کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ اپیلٹ ٹربیونل نے حقائق کے برعکس کاغذات نامزدگی مسترد کیے، اپلیٹ ٹربیونل کے مطابق اثاثہ جات کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئی جب کہ کاغذات نامزدگی میں ایف بی آر کی مصدقہ کاپی منسلک کی گئی تھی لہذا اپیلٹ ٹربیونل کے فیصلے کو کالعدم قرار دے کر الیکشن لڑنے کی اجازت دی جائے۔

عدالت عالیہ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد این اے 67 سے فواد چوہدری کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیلٹ ٹربیونل کے فیصلے کو معطل کر دیا۔ عدالت نے وفاقی حکومت اورالیکشن کمیشن سے 3 جولائی کو جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اپیلٹ ٹربیونل نے فواد چوہدری کو آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہل قرار دے دیا تھا جس کے بعد فواد چوہدری نے آج اپیلٹ ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔