پاکستان مسلم لیگ ن کارکردگی کی بنیاد پر الیکشن جیت کر دوبارہ حکومت بنائے گی،قادر بلوچ

  • June 28, 2018, 9:29 pm
  • Election 2018
  • 132 Views

دالبندین(نامہ نگار)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر اور این اے 268 سے امیدوار جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کارکردگی کی بنیاد پر الیکشن جیت کر دوبارہ حکومت بنائے گی، انہوں نے کہا کہ چاغی کے عوام آزمائے ہوئے لوگوں کی بجائے (ن )لیگ کو نمائندگی کا موقع دیں علاقے کی تقدیر بدل دوں گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوتیزئی ہاؤس دالبندین میں شہید عید محمد نوتیزئی پینل کے سربراہ الحاج علی محمد نوتیزئی سے ملاقات کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر این اے 268 سے آزاد امیدوار ملک رحمت اللہ نوتیزئی، حاجی فقیر محمد نوتیزئی، سردار اکبر موسیٰ زئی، پی بی 34 سے پی ٹی آئی کے امیدوار ملک امان اللہ نوتیزئی ودیگر قبائلی و سیاسی رہنماء بھی موجود تھے، عبدالقادر بلوچ نے الحاج علی محمد نوتیزئی سے سیاسی صورتحال، علاقائی امور اور الیکشن کے متعلق تبادلہ خیال کیا ،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ماضی میں چاغی کو پارلیمنٹ میں متحرک نمائندگی نہیں ملی لیکن اس مرتبہ اگر عوام نے انھیں موقع دیا تو وہ پارلیمنٹ میں چاغی سمیت نوشکی اور خاران کی نمائندگی بہترین انداز میں کرکے ان علاقوں میں تعلیم، صحت، آبنوشی، روزگار، ذرائع مواصلات اور جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا دیں گے۔