پاکستان پیپلزپارٹی اور بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل ) نے لسبیلہ اور گوادر کی نشستوں پر مشترکہ امیدوار لانے کا حتمی اعلان کردیا

  • June 28, 2018, 9:30 pm
  • Election 2018
  • 165 Views

کوئٹہ (سٹاف رپورٹر ) پاکستان پیپلزپارٹی اور بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل ) نے لسبیلہ اور گوادر کی نشستوں پر مشترکہ امیدوار لانے کا حتمی اعلان کردیا۔یہ بات پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک اور بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات آغا حسن بلوچ نے جمعرات کوکوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے قومی اسمبلی کی نشست اے 272 سے بی این پی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل صوبائی اسمبلی کی نشست گوادر پی بی 51 پر حمل کلمتی پی بی 50 پر حسن جاموٹ جبکہ دریجی سے شریف پالاری مشترکہ امیدوار ہونگے۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کی دیگر نشستوں پر بھی سیٹ ٹو سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے دونوں جماعتوں کے مابین چیت جاری ہے بلوچستان کے بہتر مفادات میں بی این پی اور پیپلزپارٹی نے اتحاد کیا ہے اور اس اتحاد کو پورے صوبے کی سطح پر وسعت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلط کردہ سیاسی افراد کے بجائے حقیقی سیاسی قیادت کو آگے لائیں گے بلوچستان میں نئی سیاسی روایات کو فروغ دے کر کرپٹ عناصر کا پارلیمنٹ میں راستہ روکنا چاہتے ہیں بی این پی کے سیکریٹری اطلاعات آغا حسن بلوچ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ سابق وزیر اعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا ساتھ اتحادیوں کے کہنے پر دیا۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے سربراہ سردار اختر جان مینگل کے مابین رابطے جاری ہیں جس میں مستقبل کی مشترکہ سیاسی حکمت عملی پر اتفاق کا اظہار کیا گیا ہے۔حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ایک سیاسی جمہوری جماعت ہے جو ہر محب وطن اور جمہوری سیاسی جماعت سے بات چیت کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی 25جولائی کو ہونے والے انتخابات میں اتحادیوں کے ساتھ ملکر بھر پور کامیابی حاصل کریگی اور صوبے کا آئندہ وزیراعلیٰ ایک جیالا ہوگا۔