پولنگ اسٹیشنز پر فوجی اہلکاروں کو مجسٹریٹ کے اختیارات تفویض

  • July 10, 2018, 8:26 pm
  • Breaking News
  • 291 Views

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے فوجی اہلکاروں کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات تفویض کردیے اور اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق 25 جولائی کو الیکشن کے دوران سیکورٹی کی ذمہ داریاں نبھانے والے فوجی اہلکاروں کو مجسٹریٹ کے اختیارات تفویض کردیے گئے،پولنگ اسٹیشنز پر تعینات فوجی اہلکاروں کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات حاصل ہوں گے جس کے تحت وہ پولنگ اسٹیشنز پر قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کو موقع پر سزا سناسکیں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ فوجی اہلکار قواعد و و ضوابط کی کسی بھی خلاف ورزی کی اطلاع پریذائیڈنگ افسر کو دینے کے پابند ہوں گے اور پریذائیڈنگ افسر کی جانب سے مناسب کارروائی نہ ہونے پر فوجی اہلکار اپنے سینئر افسران کو آگاہ کریں گے۔

الیکشن ماحول کو پرامن رکھنے اور عملے کو سیکورٹی فراہم کرنے کے لیے فوجی اہلکار پولنگ سے 2 روز قبل پولنگ اسٹیشنز پر تعینات ہوں گے اور 27 جولائی تک ڈیوٹی کریں گے۔