(ن) لیگ میں ہوتا تب بھی نوازشریف کے استقبال کے لئے نہ جاتا، چوہدری نثار

  • July 10, 2018, 8:30 pm
  • Breaking News
  • 171 Views

ٹیکسلا: سابق وزیرِداخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے استقبال کے لیے لاہور نہیں جاؤں گا، اگر (ن) لیگ میں ہوتا تب بھی نہ جاتا۔

ٹیکسلا میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے 3 یا 4 امیدواروں نے (ن) لیگ کے ٹکٹ واپس کرکےجیپ کا نشان لیا تو میرے انتخابی نشان پر واویلا مچا کر ایک ماحول بنایا دیا گیا اور کہا گیا کہ میں نے کوئی گروپ بنالیا ہے، اگر اپنا گروپ بنانا ہوتا توکب کا بناچکا ہوتا میرے پاس بہت سے راستے تھے، جیپ نام کا کوئی گروپ کام نہیں کررہا، نہ میں کسی جیپ گروپ کا حصہ ہوں۔

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ صرف سیاستدانوں کا ہی احتساب نہیں ہونا چاہئے، پورے ملک میں کرپشن ہورہی ہے، اگر فوج میں کوئی معاملہ ہے تو وہ بھی سامنے آنا چاہئیے، تاہم انتخابات کے قریب کسی سیاسی رہنما کے خلاف ایسی کارروائی نہیں ہونی چاہئیے اور اگر کسی پر الزامات ہیں تو تحقیقات مؤخر کردی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف سے ملاقات پرانی بات ہے،ان سےکوئی رابطہ نہیں، نواز شریف کے استقبال کے لیے لاہور نہیں جاؤں گا، اگر (ن) لیگ میں ہوتا تب بھی نہ جاتا، میں مکمل طور پر اپنے چار حلقوں میں کام کررہا ہوں اورمیرے پاس کسی کی تنقید کا جواب دینے کا وقت نہیں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت پاکستان کو ریگستان بنانے پرتلا ہوا ہے ہم اپنےجھگڑوں میں پڑے ہیں، پاکستان میں صرف حکومت بنانے کی بات ہورہی ہے کسی کو نہیں پتا کہ ملک کو کیا خطرات ہیں، ملک کو بہت سے اسٹریٹجک، معاشی اور سیاسی خطرات کا سامنا ہے، حکومتیں آتی اور جاتی ہیں، جس کی بھی حکومت آئے گی مجھے اس سے ہمدردی ہوگی، حکومت بنانے والے حکومت ضرور بنائیں مگر اپوزیشن کے ساتھ بیٹھیں، اور ایشوز پر قومی اتفاق رائے پیدا کریں۔