پیسہ کے بل بوتے پرانتخابات میں حصہ لینے والوں کا ہدف لوٹ مار اور کرپشن ہے،نوابزادہ لشکری رئیسانی

  • July 10, 2018, 10:54 pm
  • Election 2018
  • 137 Views

کوئٹہ( پ ر) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما نوابزادہ میر حاجی لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ 25 جولائی کو ووٹ کے ذریعے ہونے والا اجتماعی قومی فیصلہ ہماری آئندہ زندگیوں پر اثر انداز ہوگا۔ بلوچستان کے وسائل کو بے دریغ لوٹنے والوں نے آئندہ نسلوں کا پانی بھی چرا لیا ۔ بلوچستان جتنے بحران افریقہ سمیت کسی بھی ملک میں نہیں ہیں۔ پیسہ کے بل بوتے پرانتخابات میں حصہ لینے والوں کا ہدف لوٹ مار اور کرپشن ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میر بخش بنگلزئی،علی محمد بنگلزئی،میر محمد بنگلزئی، حنیف بنگلزئی کی پارٹی میں شمولیت کے موقع منعقدہ اجتماع اور مختلف مقامات پر کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کی ایک بہت بڑی تعداد بے روزگار، امن وامان کی صورتحال مخدوش ،رشوت ستانی اتنہاء کو پہنچ چکی ہے کوئٹہ شہر کے مسائل بحران کی شکل اختیارکرچکے ہیں ایسے میں معاشرے کو ان مسائل سے نکالنے کیلئے25 جولائی کو عوام نے اپنی آئندہ نسلوں کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے نمائندوں کے انتخاب میں دوستی، ہمسایہ اور رشتہ داری سے بالا تر ہوکر ماضی کے غیر سنجیدہ فیصلوں کو ترک کرتے ہوئے اس جماعت کے منشور کی تائید میں ووٹ دینا ہے جس کی قیادت عوام کو روزمرہ زندگی میں درپیش چینلجز کا سامنا کرنے کی اہلیت رکھتی ہے نہ کہ ان کوووٹ دیں جنہیں ان لوگوں کے اقتدار کے تسلسل کو برقرار رکھنے کیلئے یکجا کیا گیا ہے جن کی وجہ سے ہم ایک بحرانی کیفیت سے دوچار ہیں۔ ان لوگوں کے پاس عوام کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے نہ کوئی پروگرام ہے نہ پارٹی منشورہے نہ یہ لوگ اپنی پوری زندگی میں ایک لمحہ بھی قومی جدوجہد کا حصہ رہے ہیں ۔ جن لوگوں کو حقیقی سیاسی قیادت کا راستہ روکنے کیلئے امیدوار بنایا گیا ہے ۔ عوام کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ قومی فریضہ میں رخنہ ڈالنے والے ان امیدواروں سے سوال کریں جنہوں نے ہماری آئندہ نسلوں اور موجودہ زندگیوں کو مذاق بنادیا ہے۔