حساس پولنگ سٹیشنوں پر پاک فوج اور ایف سی کی خدمات لی جائیں گی ، وزیراعلیٰ مری

  • July 18, 2018, 10:58 pm
  • Election 2018
  • 164 Views

گوادر(خ ن )وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار الیکشن کمیشن آف پاکستان کے انتخابی ضابطہ اخلاق کی پابندی کو ہر حال میں یقینی بنائیں، نگران صوبائی حکومت صاف وشفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات کے پرامن ماحول میں انعقاد کی ذمہ دار ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر میں انتخابات سے متعلق کمشنر مکران جاوید احمد شاہوانی کی بریفنگ کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا، کمشنر مکران جاوید احمد شاہوانی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آئندہ انتخابات کے تمام انتظامات اور تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، عام انتخابات سے متعلق مختلف منصوبے بھی تشکیل دیئے گئے ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر پاک آرمی اور ایف سی خدمات لی جائیں گی تاکہ کسی بھی ناخوشگوا صورتحال سے بروقت نمٹا جاسکے، بریفنگ میں بتایا گیا کہ پرامن انتخابات کے انعقاد میں تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں گی، اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ، عوام کو پرامن ماحول میں پولنگ اسٹیشنوں تک رسائی دی جائے گی تاکہ وہ اطمینان سے اپنے حق رائے دہی استعمال کرسکیں، بریفنگ میں کہا گیا کہ لوگوں میں ووٹ کی اہمیت کا شعور اجاگر کرنا چاہئے تاکہ زیادہ سے زیادہ ووٹرز انتخابی عمل میں حصہ لیں، ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی کہ انتخابی عمل میں مکمل غیرجانبدار رہتے ہوئے تمام امیدواروں کو یکساں اہمیت دی جائے اور انہیں ضروری سیکیورٹی کی فراہمی کو یقینی بنائیں، اس موقع پر نگران صوبائی وزیر نوید کلمتی اور ڈپٹی کمشنر گوادر کیپٹن (ر) محمد وسیم بھی موجود تھے۔ دریں اثناء نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے کہا ہے کہ گوادر سمیت مکران بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ساتھ ساتھ معیاری میٹریل کے استعمال کو یقینی بنایا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر میں ایک بریفنگ میں شرکت کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کمشنر مکران جاوید شاہوانی اور ڈپٹی کمشنر گوادر کیپٹن (ر) محمد وسیم نے نگران وزیراعلیٰ بلوچستان کو گوادر سمیت مکران بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی، اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ مکران میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی اور ویسے ترقیاتی منصوبوں کی نشاندہی کریں جو زیر التواء ہیں تاکہ ان منصوبوں پر دوبارہ کام شروع کیا جاسکے، نگران وزیراعلیٰ نے بتایا کہ گوادر سمیت مکران بھر میں بجلی کی فراہمی کے حوالے سے حکومت مختلف منصوبوں پر عملدرآمد کررہی ہے جن میں پسنی پاور ہاؤس اور پنجگور پاور ہاؤس کو دوبارہ فعال کرنے کے منصوبے سمیت مکران کو نیشنل گرڈ اسٹیشن سے منسلک کرنے کے سلسلے میں بات چیت جاری ہے۔