بلوچستان میں شہید کیپٹن کی نماز جنازہ ادا، آرمی چیف کی شرکت

  • August 23, 2021, 11:39 am
  • Breaking News
  • 5.56K Views

کوئٹہ: گیچک بلوچستان میں دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کے حملے میں پاک فوج کے کیپٹن کاشف شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع پنجگور کی تحصیل گیچک میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں کیپٹن کاشف شہید ہوگئے، گاڑی کو بارودی سرنگ سے نشانہ بنایا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے دیسی ساختہ بارودی سرنگ نصب کی گئی تھی، واقعے میں 2 فوجی جوان زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں خضدار اسپتال منتقل کیا گیا۔

دریں اثنا کیپٹن کاشف شہید کی نماز جنازہ راولپنڈی میں ادا کی گئی، آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔

اعلیٰ عسکری حکام، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور شہید کے عزیز و اقارب نے نماز جنازہ میں شرکت کی، شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔